وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں سرگودھا اور ڈی جی خان ڈویژن میں اون سورس ریونیو سے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سڑکوں کے کناروں پر ری سائیکلڈ پلاسٹک سے بنے ڈرین کور نصب کیے جائیں گے، اور سڑکوں کے اطراف اور درمیان میں کنکریٹ کے گملے رکھنے پر پابندی عائد کی جائے گی۔علاوہ ازیں، ہر شہر کے داخلی راستوں کے اطراف سرسبز پلاٹ پر شہر کا نام نمایاں طور پر آویزاں کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔سرگودھا ڈویژن میں اون سورس ریونیو سے 20 ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں ضلع سرگودھا میں 8، خوشاب میں 6 اور بھکر میں 6 منصوبے شامل ہیں۔سرگودھا میں پانچ مرکزی سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور بحالی کے منصوبے شامل ہیں جن میں ڈیری روڈ، آزاد روڈ، پائلٹ چوک، خیام چوک اور اوور ہیڈ برج روڈ کی ترقی شامل ہے۔خوشاب میں جہاز چوک، ڈی پی ایس اسکول، سہگل چوک، مین بازار قائد آباد اور نور پور تھل روڈ سمیت 6 اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔بھکر میں جی پی او چوک روڈ، ٹی ڈی اے روڈ، کلورکوٹ روڈ، منکیرہ سٹی روڈ سمیت 6 منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بھکر سمیت دیگر شہروں کے داخلی راستوں پر سرسبز پلاٹ میں شہر کا نام نمایاں کرنے اور پرہجوم سڑکوں پر الیکٹرانک سگنلز نصب کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔مزید برآں، راجن پور میں اون سورس ریونیو سے 6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے، جن میں کتب کینال سے انڈس ہائی وے، پوسٹ آفس روڈ، فتح پور روڈ سمیت دیگر سڑکوں کے منصوبے شامل ہیں۔راجن پور کے روجھان، کوٹ مٹھن اور دیگر دیہی علاقوں میں سیوریج اور ڈرینج کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی ہے، اور ہدایت کی گئی ہے کہ دیہات میں یہ منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔اس کے علاوہ، مریم نواز نے گھروں کے باہر غیر قانونی ریمپ ہٹانے اور راستے میں رکاوٹ بننے والے عناصر کو ہٹانے کا حکم دیا، اور راجن پور شہر و تحصیلوں کے لیے مزید ترقیاتی پراجیکٹس بھی طلب کیے ہیں۔