ایشیائی ترقیاتی بینک وفد کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

ایشیائی ترقیاتی بینک وفد کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی پہنچیں، جہاں انہوں نے سندھ حکومت کے ساتھ جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس اہم ملاقات میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، جام خان شورو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی این ڈی نجم شاہ، سیکریٹری ٹو سی ایم رحیم شیخ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وفد میں ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اسد علیم، پروگرام آفیسر خیام سہیل عباسی، پروجیکٹ آفیسرز حامد خان اور عدنان علی شامل تھے، جنہوں نے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ان میں بی آر ٹی ریڈ لائن، شہری ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، اور موسمیاتی تحفظ کے منصوبے شامل ہیں۔ملاقات کے دوران، شرجیل میمن نے ریڈ لائن منصوبے کے مسائل کے حل اور کام کی دوبارہ شروعات کی بابت بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ سندھ کے عوام کے لیے یہ منصوبے خوش آئند اور اہم ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ایشین بینک سندھ حکومت کا دیرینہ اور قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے، اور ٹرانسپورٹ، پانی، موسمیاتی تحفظ، اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں پائیدار اقدامات جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو حکومت سندھ کی اولین ترجیح قرار دیا۔اس موقع پر، وزیراعلیٰ نے اے ڈی بی وفد کو ریڈ لائن منصوبے میں درپیش تمام رکاوٹیں دور کرنے اور کام کی رفتار تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے جواب میں، ایما فین نے سندھ حکومت کے عزم اور کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ شہری ٹرانسپورٹ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں اے ڈی بی سندھ حکومت کے ساتھ شراکت داری جاری رکھے گا۔اس ملاقات کا مقصد سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور انہیں مزید تیز کرنے کے لیے تعاون کو مضبوط بنانا تھا، تاکہ شہری سہولیات اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری لائی جا سکے اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔