وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور بروقت تکمیل کے احکامات جاری کیے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور بروقت تکمیل کے احکامات جاری کیے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر کے ترقیاتی منصوبوں پر سخت نگرانی جاری رکھنے اور انہیں مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے احکامات دیے ہیں۔

اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام، مثالی گاؤں منصوبے، صاف پانی، ڈرینج، سیوریج اور پی ایچ اے کے منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ 224 گاؤں کو مثالی بنانے کے منصوبے تیز کیے جائیں، اور پنجاب کے 469 دیہات میں پہلے فیز میں واٹر سپلائی اور ڈرینج کا کام مکمل کیا جائے۔ ہر گلی کو روشن بنانے کے لیے چلڈرن پارک، فٹ پاتھ اور سٹریٹ لائٹس نصب کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔اجلاس میں پی ایچ اے کی مالی خودمختاری، وسائل کی پیداواری صلاحیت اور افرادی قوت کی تفصیلات طلب کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت قسطوں کی ادائیگی اور مکانوں کی تعمیر کی رفتار تیز کرنے کے احکامات دیے۔

مزید برآں، واٹر فلٹریشن پلانٹس اور بوٹلنگ پلانٹس کی تعمیر و بحالی 30 جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ لاہور کینال کی صفائی اور بارش کے بعد پانی کے نکاس کا کام بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔نئے روڈز کی لین مارکنگ اور اطراف میں خوبصورت ٹف ٹائلز لگانے کے ساتھ، 4031 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 1529 منصوبوں پر بھی کام جاری رہے گا۔