یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے گرد و نواح میں روسی میزائل حملوں کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے ہیں۔
یوکرینی حکام کے مطابق، یہ حملے رات گئے جاری رہے، جن میں رہائشی عمارتوں اور گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں کے بعد کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، اور گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔اسٹیٹ ایمرجنسی سروس کے مطابق، ایک طبی مرکز کی عمارت میں بھی آگ لگ گئی ہے، اور تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے کم از کم ایک شخص کو زندہ نکال لیا ہے، اور مزید افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔دوسری جانب، پولینڈ کی فوج نے روسی حملوں کے پیش نظر احتیاطی طور پر فضائی کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملوں سے ہونے والے نقصانات کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے، اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حالات کی نگرانی کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔