تیز رفتار کار نے کمسن بچی کو کچل ڈالا

نواب ٹاؤن میں افسوسناک واقعہ، 3 سالہ مشعل ہسپتال منتقل کرتے راستے میں چل بسی، ڈرائیور فیضان گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر) نواب ٹاؤن کے علاقے میں مبینہ ڈرائیونگ میں غفلت اور لاپرواہی کے باعث ایک گاڑی کی زد میں آ کر 3 سالہ بچی مشعل جاں بحق ہو گئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ نواب ٹاؤن میں سٹی اسکول کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار کی ٹکر سے کمسن بچی شدید زخمی ہو گئی۔ حادثے کے فوراً بعد بچی کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کر کے سیف سٹی اور نجی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت فیضان شوکت کے نام سے کی۔ نواب ٹاؤن پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مزید قانونی و تفتیشی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔