کراچی میں بارش کا نیا سلسلہ شروع، شہری غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں: این ڈی ایم اے کی ہدایت

کراچی میں بارش کا نیا سلسلہ شروع، شہری غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں: این ڈی ایم اے کی ہدایت

کراچی کے مختلف علاقوں میں دوبارہ بارش شروع ہوگئی ہے، جس میں شارع فیصل، پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال، صدر، ایئرپورٹ، نرسری، گلزار ہجری اسکیم 33، سہراب گوٹھ سپر ہائی وے اور جناح اسپتال کے اطراف شامل ہیں۔

حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔ شارع فیصل سمیت کئی اہم سڑکوں سے گزشتہ بارش کا پانی نکال دیا گیا تھا، تاہم ایف ٹی سی، بلوچ کالونی اور ملیر ہالٹ کے مقام پر پانی تاحال جمع ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ میرپورخاص، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں بھی 50 سے 100 ملی میٹر سے زائد بارش متوقع ہے۔ اربن فلڈنگ کا خطرہ کراچی، حیدرآباد، سکھر اور میرپورخاص میں، اور سیلاب کا خطرہ ٹھٹھہ، بدین، جامشورو اور دادو میں ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 178 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ دیگر علاقوں میں یونیورسٹی روڈ پر 145، شارع فیصل 133، گلشن معمار 102، ناظم آباد 149، پرانا ایئرپورٹ 163، نارتھ کراچی 148، کورنگی 138، اورنگی ٹاؤن 81، سعدی ٹاؤن 146، ڈی ایچ اے فیز 7 138 اور کیماڑی 173 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جناح ٹرمینل پر 156، سرجانی ٹاؤن 151، پی اے ایف بیس مسرور 101 اور بحریہ ٹاؤن میں 4.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران احتیاط کریں اور ضرورت کے بغیر سڑکوں پر نہ نکلیں تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔