کراچی: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور سڑکوں پر بلاوجہ آنے سے گریز کریں تاکہ ضروری ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ شہر میں بارش دوبارہ شروع ہو گئی ہے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ لوگ گھروں میں رہیں۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ بچوں کو بھی بارش کے پانی میں کھیلنے سے روکا جائے تاکہ کسی حادثے کا اندیشہ نہ رہے۔وزیر نے مزید کہا کہ بارش کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور نکاسی آب کے مسائل کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے شہری اپنی حفاظت اور دوسروں کی سلامتی کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔انہوں نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے بھی کہا کہ وہ شہر میں پانی کے جمع ہونے والے مقامات کی نگرانی کریں اور فوری طور پر نکاسی آب کا کام جاری رکھیں تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔