دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد سیکشنز بند، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد سیکشنز بند، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی، جس کے نتیجے میں موٹروے پولیس نے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر مختلف موٹرویز کے متعدد سیکشنز کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے مطابق شدید دھند اور حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ سے کالا شاہ کاکو تک بھی ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔اسی طرح موٹروے ایم 11 لاہور سے سمبڑیال تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم 4 پر فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔ موٹروے ایم 1 پشاور سے صوابی تک بھی شدید دھند کے باعث بند ہے۔

موٹروے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران حدِ نگاہ میں کمی کے باعث ٹریفک حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ شہری دھند کے دوران تیز رفتاری سے اجتناب کریں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔