سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کی تجویز

سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کی تجویز

پنجاب حکومت نے حالیہ بارشوں اور دریاؤں میں پانی کے اضافے کے باعث سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد متاثرہ اضلاع میں ریلیف اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس سلسلے میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ریلیف کمشنر پنجاب، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے اہم فیصلے:
تعلیمی اداروں کی بندش: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
کلینک آن وہیلز: متاثرہ اضلاع میں فوری طور پر موبائل میڈیکل یونٹس روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ متاثرہ افراد کو صحت کی سہولیات میسر آئیں۔
انخلا کے احکامات: ننکانہ صاحب، شیخوپورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دریائی بیلٹ کے علاقوں کو فوری خالی کرانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
شگاف ڈالنے کا فیصلہ: جھنگ اور چنیوٹ کو بڑے نقصان سے بچانے کے لیے رواز پل پر حفاظتی شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ٹینٹ ولیج کا قیام: سیلاب متاثرین کے لیے عارضی رہائش فراہم کرنے کی غرض سے ٹینٹ ولیج قائم کرنے کے احکامات دیے گئے۔
ادویات کی فراہمی: چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ تمام اضلاع کے میڈیکل کیمپس میں ضروری ادویات اور طبی سہولتیں فوری طور پر فراہم کی جائیں۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ محکمے قریبی رابطے میں رہتے ہوئے متاثرین کو ریلیف اور بحالی کے تمام وسائل فراہم کریں تاکہ کسی بھی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔