بہاولپور: کارروائی میں 2200 کلو گرام گلے سڑے اور بدبودار گوشت کی کراچی سپلائی ناکام

بہاولپور: کارروائی میں 2200 کلو گرام گلے سڑے اور بدبودار گوشت کی کراچی سپلائی ناکام

بہاولپور: صوبۂ پنجاب کے شہر بہاولپور میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ لائیو اسٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2200 کلو گرام مضرِ صحت، گلے سڑے اور بدبودار گوشت کی کراچی میں سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی۔

پولیس کے مطابق کارروائی جھانگڑا شرقی انٹرچینج لنک روڈ پر کی گئی، جہاں ملزمان دو مسافر بسوں میں گوشت لوڈ کر کے کراچی کے ہوٹلوں تک پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔محکمہ لائیو اسٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ اس قسم کے گوشت کی کھپت عوام کی صحت کے لیے شدید خطرہ ہے اور ایسے اقدامات سے شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی کہ غیر معیاری گوشت خریدنے سے گریز کریں اور کسی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری متعلقہ اداروں کو دیں۔ماہرین کے مطابق اس کارروائی سے بین الصوبائی غیر قانونی گوشت کی سپلائی کو ناکام بنانے میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے، اور یہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے مؤثر قدم ثابت ہوگی۔