بہاولپور کے نواحی علاقے گوٹھ محراب میں خزانے کی تلاش میں کھدائی کرنے والی کراچی کی خاتون کو ساتھیوں سمیت پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار خاتون مقامی افراد کے ساتھ مل کر مزار یتیم شاہ کے قریب کھدائی کر رہی تھی اور اس کا دعویٰ تھا کہ "اس مقام پر خزانہ دفن ہے"۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے دورانِ تفتیش بتایا کہ وہ اپنے "علم" اور اندازوں کی بنیاد پر یہاں تک پہنچی ہے، اور اسے یقین ہے کہ اس جگہ پر کوئی خفیہ خزانہ دفن ہے، جس کی تلاش کے لیے وہ کراچی سے بہاولپور آئی۔مقامی افراد کی نشاندہی پر پولیس نے کارروائی کی، کیونکہ مزار اور قبروں کے قریب غیر قانونی کھدائی پر علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا تھا۔ علاقہ مکینوں نے کئی دنوں سے احتجاج کیا اور مزار کی بے حرمتی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
پولیس نے خاتون سمیت دیگر ملوث افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ کھدائی کے مقام کا معائنہ کر کے مزید شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق ایسی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جا سکتی جس سے مذہبی مقامات یا قبروں کی بے حرمتی ہو، اور اس واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔