روڈ انفرااسٹرکچر کی بہتری اور جدید سفری سہولتوں کے لیے کوشاں ہیں،وفاقی وزیرعبدالعلیم خان
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں سگنل فری کوریڈورز بنا رہے ہیں، 24کروڑ کے ملک پاکستان میں 40فیصد سڑکیں خستہ حالت یا مخدوش ہیں۔جاری اعلامیہ کے مطابق مراکش میں جاری چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روڈ انفرااسٹرکچر کی بہتری اور جدید سفری سہولتوں کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 4 لاکھ 93 ہزار کلومیٹر طویل روڈ نیٹ ورک موجود ہے، شاہراہوں میں 14400کلومیٹر نیشنل ہائی وے اور 2500کلومیٹر موٹرویز شامل ہیں، پاکستان میں 5برس میں قومی شاہرات پر ٹریفک میں 25فیصد اضافہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ روڈ سیفٹی ہیلتھ سے منسلک، اربن پلاننگ اور ماحولیاتی پالیسیوں پر کام کر رہے ہیں، موثر اقدامات سے حادثات میں 50فیصد اوراموات میں 30فیصد کمی ہوئی، لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں سگنل فری کوریڈورز بنا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے شاہرات پر ریسکیو سروسز اور ائیر ایمبولینس کی فراہمی کیلئے اقدامات کی نشاندہی کی اور کہا کہ پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹواور سی پیک گوادر بی آر آئی منصوبوں کیلئے پر عزم ہے، پاکستان نارتھ سائوتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور، پاک مڈل ایسٹ پراجیکٹس میں دلچسپی رکھتا ہے، گلوبل منسٹریل کانفرنس کا انعقادخوش آئند، مختلف ممالک باہمی تجربات سے مستفید ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کوعالمی قوانین کی پابندی اور کانفرنس کے اعلامیے پر عمل درآمد یقینی بنائے گا۔