گلگت بلتستان: پاک فضائیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر فلڈ ریلیف آپریشن سرانجام دیا۔
سخت موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں سی-130 طیاروں کے ذریعے 7 ٹن خشک راشن، اشیائے خورونوش اور ضروری ادویات نور خان ایئر بیس سے متاثرہ علاقوں تک پہنچائیں۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے یہ امدادی سامان دور دراز کے متاثرہ خاندانوں تک تقسیم کیا جائے گا۔ زمینی راستے منقطع ہونے کے باعث پاک فضائیہ نے یقینی بنایا کہ پریشان حال خاندانوں تک بروقت امداد پہنچے۔
اس آپریشن کے دوران پاک فضائیہ کی ٹیموں نے سیلاب میں پھنسے 75 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ آنے والے دنوں میں پاک فضائیہ کے طیارے اور زمینی ٹیمیں مسلسل خوراک، ادویات، شیلٹرز اور طبی امداد پہنچانے میں مصروف رہیں گی۔پاک فضائیہ کی یہ بروقت اور پرعزم کارروائی گلگت بلتستان کے متاثرہ خاندانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوئی اور قدرتی آفات کے دوران افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔