گلگت بلتستان میں شدید موسمی حالات کے باعث سیاحوں اور مقامی افراد کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظر پاک فضائیہ نے ہنگامی ریسکیو مشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔
ریسکیو مشن کے دوران سیاحوں اور مقامی افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 25 جولائی کو پاک فضائیہ کے C-130 طیارے نے گلگت بلتستان میں پھنسے افراد کو قادری بیس سے نور خان ایئربیس راولپنڈی پہنچایا۔ طیارہ صبح 7 بج کر 55 منٹ پر نور خان ایئربیس سے روانہ ہو کر قادری پہنچا، جہاں سے 125 مسافروں کو لے کر واپس روانہ ہوا۔ طیارہ صبح 8 بج کر 52 منٹ پر قادری سے روانہ ہوا اور تمام مسافروں کو بحفاظت نور خان ایئربیس منتقل کیا گیا۔ریسکیو کیے گئے 125 افراد میں 82 عام شہری، 25 پاک فوج کے جوان، اور 18 پاک فضائیہ کے اہلکار شامل تھے۔اس آپریشن کے ذریعے شدید موسم میں پھنسے افراد کو فوری مدد فراہم کی گئی اور انہیں محفوظ مقام تک پہنچایا گیا۔پاک فضائیہ نے اس کامیاب ریسکیو مشن کے ذریعے ایک بار پھر ثابت کیا کہ افواجِ پاکستان عوام کی خدمت اور فلاح کے لیے ہر مشکل وقت میں تیار ہیں۔ مقامی انتظامیہ اور افواجِ پاکستان کی بروقت کارروائی سے سینکڑوں زندگیاں محفوظ بنائی جا سکیں۔