ویب ڈیسک: پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دشوار گزار پہاڑی سلسلوں اور خراب موسم کے باوجود پاک فضائیہ کے سی-130 طیارے نے پی اے ایف بیس نور خان سے 7 ٹن خشک راشن، روزمرہ استعمال کی اشیاء اور ادویات گلگت پہنچائیں۔ یہ سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے ان دور دراز وادیوں میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں سڑکوں کے ٹوٹنے سے مقامی آبادی امداد سے محروم تھی۔ریلیف آپریشن کے دوران پاک فضائیہ کی ٹیموں نے 75 پھنسے ہوئے افراد کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ مربوط اور بروقت کارروائی ملک گیر ایمرجنسی ریلیف مہم کا حصہ ہے، جو قدرتی آفات کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں بھی فضائی اور زمینی امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی، اور متاثرہ خاندانوں کو خوراک، ادویات، رہائش اور طبی امداد فراہم کی جائے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق، پاک فضائیہ کے بروقت اور جرات مندانہ اقدامات نے متاثرہ خاندانوں کو نئی امید دلائی ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ افواج پاکستان ہر مشکل گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ ہیں۔