نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاک، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے چھٹے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے کابل روانہ ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان تجارت، علاقائی روابط اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اسحاق ڈار کے ہمراہ افغانستان کے لیے خصوصی نمائندہ محمد صادق اور وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام بھی کابل پہنچے ہیں۔ اجلاس کے دوران ڈار کی افغان نگراں وزیر خارجہ کے ساتھ علیحدہ ملاقات متوقع ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوگی۔کابل میں ہونے والا یہ سہ فریقی اجلاس خطے میں استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔