وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار 18 سے 19 مارچ تک ریاض، سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جس کی دعوت سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی جانب سے دی گئی ہے۔
اس دورے کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال اور اہم وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت ہے۔محمد اسحاق ڈار خطے کے برادر ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔وہ وزرائے خارجہ اجلاس میں برادر ممالک کی سرزمین پر حملوں کے خاتمے اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیں گے۔دورے میں مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے امن کے قیام پر زور دیا جائے گا اور پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اجلاس میں شرکاء مشترکہ حکمت عملی اور فوری عملی اقدامات پر غور کریں گے تاکہ خطے میں موجودہ بحران کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔یہ اجلاس موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے اور اس میں پاکستان کی سفارتی کردار کو مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔