کابل: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاک، چین اور افغانستان کے چھٹے سہ فریقی مذاکرات میں حصہ لیں گے۔ ان کے ہمراہ نمائندہ خصوصی افغانستان محمد صادق اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل ہیں۔دفتر خارجہ نے بتایا کہ اجلاس میں انسداد دہشت گردی، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور زیر بحث آئیں گے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کابل میں قائم مقام افغان وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کے مسائل پر بات چیت ہوگی۔افغانستان پہلی بار کابل میں سہ فریقی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اجلاس میں افغانستان کے اقتصادی مستقبل، سلامتی اور امن کے ساتھ ساتھ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی توسیع، افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے معاملات اور دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔چینی وزیر خارجہ وانگ وی آج (20 اگست) شام کابل سے اسلام آباد جائیں گے، جہاں وہ 21 اگست کو سالانہ پاک-چین سٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔ یاد رہے کہ تینوں وزرائے خارجہ کے درمیان آخری سہ فریقی اجلاس رواں سال 21 مئی کو بیجنگ میں ہوا تھا۔