بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے ایک دل دہلا دینے والی واردات سامنے آئی ہے جہاں ایک مصور نے اپنی بیوی کو غیر مرد سے تعلقات کے شبے میں مبینہ طور پر قتل کر کے لاش قبرستان میں دفنا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب 10 اگست کو دہلی کے مہراولی تھانے میں مقتولہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی گئی۔ شکایت مقتولہ کے دوست کی جانب سے درج کرائی گئی تھی، جس نے شبہ ظاہر کیا کہ خاتون کو اغوا کر کے کہیں یرغمال بنایا گیا ہے۔تحقیقات کے دوران پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج ملی جس میں مقتولہ نیم بے ہوشی کی حالت میں اپنے شوہر اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ کہیں جاتی ہوئی دکھائی دی۔ ابتدائی تفتیش میں مقتولہ کے شوہر نے جرم سے انکار کیا اور دعویٰ کیا کہ اس نے لاش کو نہر میں پھینک دیا ہے، تاہم سخت پوچھ گچھ پر وہ آخر کار سچ اُگل بیٹھا۔ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اسے شبہ تھا کہ اس کی بیوی کے کسی اور کے ساتھ تعلقات ہیں، اسی بنا پر اس نے قتل کی منصوبہ بندی کی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے اپنی بیوی کو نشہ آور گولیاں دیں اور کئی دن تک اسے نشے کی حالت میں قید رکھا۔ اس دوران اسے کیڑے مار دوائی بھی پلائی گئی۔ جب مقتولہ کی طبیعت خراب ہوئی تو اسے ایک کمپاؤنڈر کے پاس لے جایا گیا اور خودکشی کا ڈرامہ رچایا گیا، مگر حالت مزید بگڑنے کے بعد یکم اگست کو خاتون کی موت واقع ہو گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اگلی رات ملزم نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے اپنی بیوی کی لاش کو ایک قبرستان میں دفنا دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔