مصر میں ایک حقیقی ڈکیتی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جسے دیکھ کر لوگوں نے اسے ہالی وڈ کی ایکشن فلموں جیسا قرار دیا ہے۔
واقعہ مصر کے اسماعیلیہ صحرائی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں ایک پک اپ گاڑی نے چلتے ہوئے ایک ٹرک کا تعاقب کیا اور اس کے بالکل قریب پہنچ کر ملزمان نے ٹرک کا پچھلا دروازہ کھول دیا۔ڈکیتی کے دوران، ایکمان نے منجمد مرغیوں کی کھیپ میں سے سامان چلتی گاڑی سے اپنی گاڑی میں منتقل کیا۔ مصری سکیورٹی حکام کے مطابق یہ واقعہ ایک 6 افراد پر مشتمل خطرناک جرائم پیشہ گروہ کی کارروائی تھی۔ پولیس کے مطابق، دوران مقابلہ، ملزمان نے فائرنگ کی، جس میں 3 ملزمان ہلاک اور 3 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے خودکار رائفلیں، شاٹ گنز، استعمال ہونے والی گاڑی، اور چوری شدہ سامان بھی برآمد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، تاکہ ان کے دیگر جرائم کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور سکیورٹی اداروں کی کارروائی کو سراہا جا رہا ہے۔