امریکی ریاست جارجیا کے علاقے اسٹون ماؤنٹین اور سنیل ویل سے تعلق رکھنے والے مشہور ریپر ٹی ہُڈ کو ان کے گھر کے قریب فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ 10 اگست کی شام تقریباً 7 بجے پیش آیا۔ ملزم نے انہیں متعدد گولیاں ماریں جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے، بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ابتدائی اطلاعات کے برعکس پولیس نے وضاحت کی کہ واقعے کے وقت گھر میں پارٹی کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ 33 سالہ ٹی ہُڈ کی موت کی تصدیق ان کی والدہ نے کی، جس پر مداحوں میں شدید غم و صدمہ پھیل گیا۔ٹی ہُڈ کی گرل فرینڈ نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدمے میں ہیں اور اس مشکل وقت میں پرائیویسی چاہتی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ لوگ جھوٹے اور گھناؤنے دعوے کر کے انہیں قتل کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں، جس سے انہیں اپنے پیار کو الوداع کہنے کا حق بھی متاثر ہوا ہے۔اس واقعے کا ایک پُراسرار پہلو یہ بھی ہے کہ موت سے چند ہفتے قبل ٹی ہُڈ نے اپنے گانے "Grave Diggerz" کی پروموشن کے لیے ایک انسٹاگرام پوسٹ شیئر کی تھی جس میں وہ قبرستان میں ’’بھوت‘‘ کے روپ میں نظر آ رہے تھے۔ مداح اس پوسٹ کو ان کی موت کے بعد خوفناک اور پراسرار قرار دے رہے ہیں۔