ماہرہ خان کا ذاتی تجربہ: "سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے لمحہ لمحہ خوفزدہ رہی"

ماہرہ خان کا ذاتی تجربہ:

کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران پیش آنے والا اپنا ذاتی اور خوفناک تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے قدرتی آفات کے سامنے انسانی بے بسی کو قریب سے محسوس کیا۔

ماہرہ خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ وہ حال ہی میں نتھیا گلی سے واپس آرہی تھیں اور راستے میں ہر لمحہ یہ اندیشہ لاحق رہا کہ کہیں وہ بھی لینڈ سلائیڈنگ یا سیلاب کی زد میں نہ آجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران انہیں بار بار یہ احساس ہوتا رہا کہ اگر اچانک کوئی ریلا آ گیا تو بچنا ممکن نہیں ہوگا۔اداکارہ کے مطابق یہ سوچ انہیں ان ہزاروں متاثرین کی طرف لے جاتی رہی جو ان دنوں بارشوں اور سیلاب کے باعث اپنی زندگیاں، گھر اور پیارے بچانے کی جدوجہد میں ہیں لیکن اکثر کچھ بھی ان کے قابو میں نہیں رہتا۔

ماہرہ خان نے لکھا کہ اب انہیں شدت سے احساس ہے کہ قدرتی آفات انسان کو کس قدر بے بس کر دیتی ہیں۔ انہوں نے حالیہ تباہ کن بارشوں اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشکلات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خدا سے حفاظت اور رحم کی دعا بھی کی۔خیال رہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے ملک بھر میں تباہی مچا دی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں 400 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ سندھ اور کراچی میں بھی اربن فلڈنگ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔