پاکستان کی اداکارہ ماہرہ خان نے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کو عاجزی اور اپنے کام سے محبت کرنے والا قرار دیا ہے۔
انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’نیلوفر‘ کی پروموشن کے دوران معروف اینکر منصور علی خان کو دیے گئے انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑے فنکاروں میں عاجزی، پروفیشنلزم اور اپنے کام سے محبت جیسی خصوصیات بہت اہم ہوتی ہیں، جو انہوں نے بالی ووڈ میں کام کے دوران شاہ رخ خان میں دیکھی ہے۔ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ چاہے وہ شاہ رخ خان ہوں یا ہمایوں سعید، فواد خان یا فہد مصطفیٰ، سب میں ایک مشترکہ خوبی ان کی انکساری اور پیشہ ورانہ رویہ ہے، یہی چیز انہیں سپر اسٹار بناتی ہے۔ انہوں نے اپنی پسندیدہ خواتین اداکاراؤں میں شہناز شیخ، صنم بلوچ اور سجل علی کا ذکر کیا، جبکہ مرد اداکاروں میں فہد مصطفیٰ، ہمایوں سعید اور فواد خان کو ترجیح دی۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ کراچی میں پیدا ہوئی ہیں، اس لیے اردو پر ان کا کنٹرول بہتر ہے، اور کام کے مطابق انگریزی بھی استعمال کرتی ہیں۔ بھارت میں کام کرنے کے دوران انہوں نے مقامی زبانیں جیسے گجراتی سیکھنے کا بھی تجربہ حاصل کیا، جس سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ٹی وی ڈراموں میں نظر نہ آنے کے سوال پر، ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی توجہ اپنے بیٹے اذلان کی تعلیم پر ہے، اس لیے زیادہ وقت نہیں مل پاتا۔ وہ بیٹے کے ساتھ امتحانات کی تیاری بھی کرتے ہیں، جس سے انہیں بھی امتحان جیسا محسوس ہوتا ہے۔