ماہرہ خان بھی سلمان خان کے حق میں سامنے آ گئیں

ماہرہ خان بھی سلمان خان کے حق میں سامنے آ گئیں

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان ایک بار پھر اس وقت سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئے جب اسپتال کے باہر پاپارازی کے رویے پر ان کا ردعمل وائرل ہو گیا۔

اسی معاملے پر پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بھی ان کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے فوٹوگرافرز کے رویے پر تنقید کی ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سلمان خان ممبئی کے ایک اسپتال میں کسی عزیز کی عیادت کے بعد باہر نکلے۔ اس موقع پر موجود پاپارازی فوٹوگرافروں نے ان کا مسلسل پیچھا کیا اور ان کی آنے والی فلم کے حوالے سے نعرے بھی لگائے۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکار اس صورتحال پر واضح طور پر برہم نظر آئے اور انہوں نے اشاروں کے ذریعے اس رویے کو غیر مناسب قرار دیا۔بعد ازاں ماہرہ خان نے یہ ویڈیو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی اور مختصر انداز میں ردعمل دیتے ہوئے صورتحال پر اظہارِ ناپسندیدگی کیا۔ یہ اسٹوری سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔

اسی دوران Instagram پر سلمان خان نے بھی اس معاملے پر بیان دیتے ہوئے میڈیا اور پاپارازی سے نجی زندگی کے احترام کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال جیسے حساس مقامات پر اس طرح کا رویہ غیر مناسب ہے اور انسان کو بعض اوقات اپنی ذاتی زندگی کے لیے بھی وقت درکار ہوتا ہے۔سوشل میڈیا پر یہ بحث بھی جاری رہی کہ کچھ عرصہ قبل وائرل ہونے والی ان کی ایک تنہا تصویر کے بعد ان کی ذہنی کیفیت سے متعلق قیاس آرائیاں کی گئیں، تاہم سلمان خان نے واضح کیا تھا کہ وہ اپنے خاندان، دوستوں اور مداحوں کی محبت کے باعث خود کو کبھی تنہا محسوس نہیں کرتے۔یہ واقعہ ایک بار پھر مشہور شخصیات کی نجی زندگی اور میڈیا کی حد بندیوں کے حوالے سے بحث کو تازہ کر گیا ہے۔