مہاراشٹرا میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچادی، 7 ہلاکتیں، نظام زندگی مفلوج

مہاراشٹرا میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچادی، 7 ہلاکتیں، نظام زندگی مفلوج

بھارتی ریاست مہاراشٹرا شدید بارشوں کی لپیٹ میں آگئی ہے جس کے نتیجے میں مختلف حادثات کے دوران کم از کم 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی سمیت کئی شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ بارش سے متعلقہ حادثات میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ حکام نے مزید نقصان کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔شدید بارشوں کے باعث ممبئی میں تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند کر دیے گئے ہیں جبکہ ریل سروس اور فضائی ٹریفک بری طرح متاثر ہے۔

صرف ممبئی ایئرپورٹ پر اب تک 400 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔محکمہ موسمیات نے ممبئی میں آج بھی شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے جو نشیبی علاقوں میں صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔