خیبر پختونخوا: صوابی اور بونیر میں سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، درجنوں جاں بحق

خیبر پختونخوا: صوابی اور بونیر میں سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، درجنوں جاں بحق

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے اضلاع صوابی اور بونیر حالیہ بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

 متاثرہ علاقوں میں ہر طرف ملبے کے ڈھیر لگے ہیں اور فضاء غم و اندوہ میں ڈوبی ہوئی ہے۔صوابی میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 28 ہوگئی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق 20 گھروں کو مکمل یا جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ کمشنر مردان ڈویژن نے تصدیق کی ہے کہ ملبے سے تین لاشیں نکالی گئیں جبکہ ایک شخص جو زندہ حالت میں ملا تھا، بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے مزید لاپتا افراد کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

بونیر میں بھی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچائی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ خاندان شدید صدمے میں ہیں۔ ایک لواحق کا کہنا تھا کہ "اپنے گھر کو اپنی جنت بنایا تھا، لیکن سیلاب نے سب کچھ بہا دیا، اب کچھ باقی نہیں رہا۔"اعداد و شمار کے مطابق، خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک 350 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے 228 کا تعلق صرف ضلع بونیر سے ہے۔ریسکیو اور امدادی ٹیمیں مسلسل سرگرم عمل ہیں تاہم دشوار گزار راستوں اور مسلسل بارشوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔