صوابی، خیبر پختونخوا: خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچادی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں اور کئی افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان نے بتایا کہ دالوڑی گاؤں میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں 12 گھر ڈوب گئے، جس کے باعث 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ نصراللہ خان نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات بھی سامنے آئے ہیں، اور انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کر دی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیمیں طلب کی گئی ہیں اور عوام کو بھی رضاکارانہ طور پر متاثرہ علاقوں میں امداد فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
صوابی کے واقعہ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کمشنر مردان اور دیگر حکام سے رابطہ کیا اور ڈپٹی کمشنر صوابی کو فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچ کر ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں بھیجی جائیں اور ملحقہ اضلاع سے بھی مدد فراہم کی جائے تاکہ لوگوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔دوسری جانب اسپتال ذرائع نے بتایا کہ گدون امازئی کے گاؤں سرکوئی پایاں میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں، اور لاشیں و زخمیوں کو فوری طور پر ٹوپی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔