گلگت میں کلاؤڈ برسٹ کی تباہی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں سیاح محصور

گلگت میں کلاؤڈ برسٹ کی تباہی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں سیاح محصور

ویب ڈیسک: گلگت بلتستان اور وادی نیلم میں کلاؤڈ برسٹ اور شدید لینڈ سلائیڈنگ نے قیامت خیز مناظر پیدا کر دیے۔

بابوسر ٹاپ کے قریب 7 سے 8 کلومیٹر تک علاقہ شدید متاثر ہوا جہاں بادل پھٹنے کے نتیجے میں سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے درجنوں سیاحوں کو گھیرے میں لے لیا۔

بابوسر ٹاپ: سیاحوں کی گاڑیاں بہہ گئیں، 30 سے زائد لاپتہ
بابوسر ٹاپ کے سیاحتی مقام پر جل سے دیوِنگ کے درمیان سیلابی ریلوں نے شاہراہِ تھک بابوسر پر تباہی مچادی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق:

8 سیاحوں کی گاڑیاں سیلاب میں بہہ گئیں
اب تک 3 نعشیں نکالی جا چکی ہیں
4 افراد کو زندہ بچا لیا گیا
30 سے 40 سیاح اب بھی لاپتہ ہیں
متعدد سیاحوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جنہیں چلاس کے گرلز ڈگری کالج اور مقامی ہوٹلوں میں عارضی رہائش فراہم کی گئی ہے۔

ریسکیو آپریشن جاری، پاک فوج بھی متحرک
ڈپٹی کمشنر دیامر اور ایس پی دیامر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ شدید زمینی حالات، چٹانوں کے ڈھیر اور پیدل ناقابلِ رسائی راستوں نے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹیں پیدا کیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق:بابوسر ٹاپ روڈ مکمل بند
قراقرم ہائی وے پر لال پہاڑی اور تتھا پانی کے مقام پر 15 کے قریب گاڑیاں پھنس گئیں
تھک نالہ میں 4 افراد بہہ گئے، 2 کی لاشیں برآمد، 2 کو زندہ بچا لیا گیا
ریسکیو آپریشن میں پاک فوج بھی حصہ لے رہی ہے، لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

وادی نیلم اور سوات میں بھی تباہی
اسی دوران وادی نیلم کے علاقے مدین میں بھی کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا۔

3 بچے جاں بحق
ماں زخمی
سوات میں بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 2 بچے برساتی نالے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے۔

انفراسٹرکچر کو شدید نقصان
ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق:

ایک گرلز سکول، 2 ہوٹل، پولیس چوکی، پولیس شیلٹر اور 50 سے زائد مکانات مکمل تباہ
شاہراہ بابوسر کے 8 کلومیٹر حصے کو نقصان
15 مقامات پر سڑک مکمل بند
4 رابطہ پل بھی تباہ ہو چکے ہیں
صورتحال ابتر، مزید بارشوں کا خدشہ
حکام نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور محفوظ علاقوں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔