ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی نے محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کر دیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی بانی سے ملاقات کرنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو بتایا گیا کہ محمود خان اچکزئی اب اپوزیشن لیڈر کے امیدوار ہوں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا ہے۔یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے باضابطہ طور پر اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی ہونے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔اس صورتحال پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ انہیں اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ وہ کرپشن کے حقائق اور اہم معاملات بے نقاب کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خلاف یہ کارروائی سیاسی انتقام کے تحت کی جا رہی ہے۔سیاسی ماہرین کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی کی جانب سے اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کرنے سے قومی اسمبلی میں سیاسی منظرنامے پر نئی ہلچل متوقع ہے، جبکہ اپوزیشن کی حکمت عملی اور کردار کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت سامنے آسکتی ہے۔