عالمی استعمار نے مسئلہ فلسطین و کشمیر پیدا کئے، ہیروشیما و ناگاساکی جیسی بدترین مثالیں چھوڑیں
افسوس اقوام متحدہ بھی ان بین الاقوامی طاقتوں کے سامنے بے بس ہوچکی، قائد ملت جعفریہ پاکستان
اسلام آباد (آئی این پی )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں آج عالم انسانیت جس صورتحال کا شکار ،اس کی بنیادی وجہ ہوس، لالچ اور خونخواری، عالم انسانیت کی فلاح کیلئے خالق حقیقی نے مختلف ادوار میں انبیاء، اوصیاء ،برگزیدہ بندوں کے ذریعے ایک ہی آفاقی پیغام کے ذریعے نجات و فلاح و ترقی کی جانب متوجہ کیا مگر افسوس شیطانیت صفت افراد نے ہمیشہ طمع ، لالچ ، ہوس، اور خونخواری کے ہتھیار سے اس پیغام کو تار تار کیا جس کی تازہ ترین مثال آج فلسطین خصوصاً غزہ میں بے گناہ کم سن بچوں کا خون،نسل کشی ،جبراً مسلط کیاگیا قحط اور نا م نہاد مہذب دنیا کی مجرمانہ خاموشی ہے۔ ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بین الاقوامی یوم انسانیت پر اپنے پیغام میں کیا جو 2003ء سے دنیا بھر میں منایا جارہاہے ۔