مسافروں کے لیے ریل گاڑی کا سفرڈرونا خواب بن گیا

رواں ماہ  ٹرینوں کے ڈی ریلمنٹ اور حادثات کے 9 واقعات پیش آ چکے ہیں
پاکستان ریلویز کی تاریخ میں پہلی بار ایک ماہ کے دوران اتنے حادثات رپورٹ ہوئے
 لاہور(آئی این پی)ریلوے ٹریک کی خستہ حالی ہو یا ڈرائیور کی کوتاہی، مسافروں کے لیے ریل گاڑی سے سفر کرنا وبالِ جان بنتا جا رہا ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس کے بعد لودھراں میں عوام ایکسپریس بھی حادثے کا شکار ہو گئی۔ رواں ماہ اب تک مختلف ٹرینوں کے ڈی ریلمنٹ اور حادثات کے 9 واقعات پیش آ چکے ہیں۔ پاکستان ریلویز کی تاریخ میں پہلی بار ایک ماہ کے دوران اتنے حادثات رپورٹ ہوئے ہیں۔اسلام آباد ایکسپریس کی انکوائری رپورٹ مکمل ہو کر وزارتِ ریلوے کو فراہم کر دی گئی ہے مگر تاحال ان افسران کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی جن پر غفلت اور لاپروائی کی ذمہ داری عائد کی گئی تھی۔ اتوار کے روز ایک اہم اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب کسی کو نہیں چھوڑوں گا، افسران ایئر کنڈیشنڈ کمروں سے باہر نکلیں، ٹریک کی انسپکشن کریں اور ڈرائیوروں کے ریفریشر کورسز کرائے جائیں۔