مسافروں کی کمی ، 2 ریل گاڑیاں منسوخ

بزنس اور شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو کراچی ایکسپریس ،گرین لائن میں اکاموڈیٹ کیا گیا
پرواز پی اے 406 ، پی اے 402 بھی منسوخ کی گئی، تاخیر سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
لاہور(خصوصی رپورٹ)مسافروں کی کمی کے باعث لاہور سے کراچی جانے والی دو اہم ٹرینوں بزنس ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا۔ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ مسافروں کو پریشانی سے بچانے کیلئے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں۔ بزنس ایکسپریس کے مسافروں کو کراچی ایکسپریس جبکہ شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو گرین لائن ایکسپریس میں اکاموڈیٹ کیا گیا۔ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرینوں کی منسوخی کا فیصلہ مسافروں کی غیر معمولی کمی کی بنیاد پر کیا گیا ۔ادھر لاہور آنے اور جانے والی 4پروازیں منسوخ جبکہ متعدد تاخیر کا شکار رہیں۔جدہ سے لاہور آنے والی سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 738 ،جدہ جانے والی سعودی ایئرکی پروازایس وی 739 ،کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پی اے 406 جبکہ کراچی سے آنے والی ایئر ویو کی پرواز پی اے 402 کو منسوخ کردیا گیا۔متعدد پروازیں تاخیر کا شکار رہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔