کراچی میں موسلا دھار بارش‘گھرڈوب گئے‘گاڑیاں تیرنے لگیں‘5افراد جاں بحق

بارش کے باعث سندھ ہائیکورٹ کی چھتیں  ٹپکنے لگیں، سندھ سیکرٹریٹ میں پارکنگ شیڈ گرگیا، شہر کے مختلف علاقوں میں 600 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے
سندھ حکومت کا  آج  کراچی میں سکول بند رکھنے کا فیصلہ‘خیبر پختونخوا میں سیلاب سے مزید 45 افراد جاں بحق، تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 23 مویشی ہلاک
کراچی‘پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی)کراچی میں موسلادھار بارش سے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ، گھروں میں پانی داخل، دیواریں گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے‘کئی گھنٹے کی طوفانی بارش نے نظام زندگی مفلوج کردیا، ف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہونے سے شہر کی بیشتر شاہراہیں اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں اور سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا‘کے الیکٹرک کے 600 فیڈرز ٹرپ کرگئیموسلادھار بارش کے سبب شہر کی مرکزی سڑکوں کے ساتھ اندرونی گلیوں میں پانی جمع ہوگیا۔ گلشن حدید میں ایک گھنٹے سے موسلادھار بارش سے گلیاں زیر آب آگئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا، لوگ اپنا قیمتی سامان محفوظ جگہ ٹھکانے لگانے لگے۔حسن اسکوائر، نیپا چورنگی، ضیاء￿  کالونی، گلشن شمیم، لیاقت آباد 10 نمبر، جیل چورنگی، کارساز، کورنگی اور ایکسپریس وے سمیت متعدد مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، جس کے سبب ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی۔بارش کے باعث سندھ ہائیکورٹ کی چھتیں بھی ٹپکنے لگیں، سندھ سیکرٹریٹ میں پارکنگ شیڈ گرگیا‘سندھ حکومت نے  آج کراچی میں سکولز بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔دریں اثناء خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے مزید 45 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 358 تک پہنچ گئی۔ صحرائے تھر میں ننگرپارکر کے قریب بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے 3 واقعات میں 23 مویشی ہلاک ہو گئے۔