مون سون کا تیسرا سپیل‘کئی شہرو ں میں موسلا دھار بارش‘4افراد جاں بحق

لاہور سمیت مختلف شہروں میں  بارش سے   نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بجلی غائب، نظام زندگی متاثر‘دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب
وزیرا علی  مریم نواز کا بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے شہر کا ہنگامی دورہ،انتظامیہ کو پانی کی نکاسی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت

لاہور(آئی این پی )لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے نظام زندگی بھی مفوج ہو گئی ہے،مختلف حادثات و اقعات میں بچوں سمیت کم ازکم14افراد جاںبحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سپیل 17 جولائی تک برقرار رہے گا،  لاہور میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش برسنے کا سلسلہ جاری  رہا‘ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے شہر کا ہنگامی دورہ کیا اور انتظامیہ کو پانی کی نکاسی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔ڈیرہ غازی خان، کمالیہ، کوہلو میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔کمالیہ میں موسلادھار بارش سے کچہری، اسسٹنٹ کمشنر آفس، اقبال بازار سمیت متعدد سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہ‘گجرات، حافظ آباد، سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی‘ کوہلو شہر میں بھی تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ‘۔ اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا، صحبت پور میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے گرڈ اسٹیشن کا مین ٹرانسمیشن لائن ٹاور گر گیا، بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔منچن آباد میں بارش کے باعث مدر سے کی چھت گرنے سے 2 طالبعلم جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔حکام کے مطابق منچن آباد میں رشید کوٹ پاک پتن روڈ پر قائم مدرسہ کی چھت گرگئی۔ چھت گرنے سے زیر تعلیم طلبا ملبہ تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر طلبا کو نکالا۔