اسلام آباد میں موسلادھار بارش، گھرڈوب گئے‘سامان تباہ

 گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، گاڑیاں ڈوب گئیں‘ راول ڈیم کے سپل ویز کھول دیئح
 نیلم آزاد کشمیر میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسے 10 سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا 
اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث مارگلہ کی پہاڑیوں سے آنے والے پانی سے وفاقی دارالحکومت کے نالوں میں طغیانی آ گئی۔موسلادھار بارش سے نالوں میں طغیانی کے باعث بھارہ کہو، چک شہزاد اور دیگر علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، نیو چھٹہ بختاور میں بارش کے بعد گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، مکینوں کو نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ   ا ۔بارش کے پانی سے کئی گاڑیاں ڈوب گئیں، جبکہ 6 سے 7 نجی ہائوسنگ سوسائٹیز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔گزشتہ رات بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا، پانی کی سطح بلند ہونے پر سپل ویز کھول دیئے گئے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے ندی نالوں سے دور رہنے کی اپیل کی گئی  ۔ دوسری جانب  نیلم آزاد کشمیر میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسے 10 سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، رات گئے بالائی وادی نیلم کے علاقے جمگر میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث سیاح پھنس گئے تھے۔