کچہ میں ایک کروڑ سر کی قیمت والا ڈاکو سرنڈر

احمد بکھرانی طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس اور ملٹری انٹیلی جنس کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں کچہ ایریا کے انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ ڈاکو احمد بکھرانی نے سرنڈر کر دیا ہے ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق احمد بکھرانی طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور پنجاب حکومت کی جانب سے اس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) رحیم یار خان عرفان علی سموں نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک ایک کروڑ روپے ہیڈ منی والے 24 خطرناک ڈاکو ہتھیار ڈال چکے ہیں۔ڈی پی او کے مطابق کچہ آپریشن کے دوران اب تک 66 خطرناک ڈاکو ہلاک کیے جا چکے ہیں جبکہ 101 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ 320 ملزمان نے رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال دیے ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ایک کروڑ روپے ہیڈ منی والے مرکزی ملزم کے سرنڈر پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔ڈی پی او عرفان علی سموں نے واضح کیا کہ کچہ ایریا میں جاری آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری ڈاکو کی گرفتاری یا سرنڈر عمل میں نہیں آ جاتا۔