پنجاب‘خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش ‘ ژالہ باری

پشاور،کراچی(آئی  این پی)خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، قلات اور نوشکی سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے کھڑی فصلیں، باغات اور املاک شدید متاثر  ہوئے جب کہ کوئٹہ چمن شاہراہ این 25 کے کئی مقامات پر ٹریفک متاثر  ہے۔اس کے علاوہ پاراچنار، کرک، جنوبی وزیرستان اور ہنگو سمیت کے پی کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب  کراچی کے  شمالی اور مغربی علاقوں میں صبح سویرے بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارش برسانے والے نئے سسٹم کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 29 مارچ تک صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔