ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیوجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ بھارت کی مردوں اور خواتین کی ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں بالآخر بی سی سی آئی کے ممبئی میں واقع ہیڈکوارٹر پہنچ جائیں گی، تاہم انہوں نے ٹرافیوں کی واپسی کے لیے کوئی حتمی ٹائم فریم دینے سے گریز کیا ہے۔
ممبئی میں بی سی سی آئی کی 95ویں سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دیوجیت سائیکیا نے کہا کہ وہ ٹرافیوں کی واپسی کی کوئی تاریخ نہیں بتا سکتے، تاہم انہیں یقین ہے کہ دونوں ٹرافیاں ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں قائم بی سی سی آئی کے دفتر پہنچیں گی۔یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ جیتنے کے باوجود ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی اور میڈلز وصول نہیں کیے۔ بھارتی ٹیم نے اپنی جانب سے میڈلز کی الگ تقریب منعقد کی، جبکہ فاتح ٹرافی کی باضابطہ وصولی نہیں کی گئی۔اس سے قبل بھارتی مردوں کی ٹیم نے بھی گزشتہ سال ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی۔ اس ٹرافی کے حوالے سے بھی بی سی سی آئی کی جانب سے بعد میں اسے واپس حاصل کرنے کی بات کی گئی تھی۔بی سی سی آئی سیکریٹری کے مطابق خواتین کی ٹیم کی جانب سے ٹرافی کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ پہلے ہی اے سی سی کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بی سی سی آئی کا ایک ادارہ جاتی فیصلہ تھا اور اس کا مقصد کھلاڑیوں، ٹورنامنٹ یا کرکٹ کے کھیل کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔بھارتی خواتین ٹیم نے دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کا آٹھواں ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 183 رنز بنائے، جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 111 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔فی الحال دونوں ایشیا کپ ٹرافیوں کی ممبئی منتقلی کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔ بی سی سی آئی کی جانب سے صرف یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ دونوں ٹرافیاں مستقبل میں بورڈ کے ممبئی ہیڈکوارٹر پہنچ جائیں گی۔