نواب ٹاؤن میں 8 سالہ بچے پر مبینہ تشدد، قاری گرفتار

نواب ٹاؤن میں 8 سالہ بچے پر مبینہ تشدد، قاری گرفتار

لاہور: نواب ٹاؤن کے علاقے میں سپارہ پڑھنے کے لیے جانے والے 8 سالہ بچے پر قاری کی جانب سے مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

 پولیس نے بچے کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے مبینہ طور پر تشدد کرنے والے قاری کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق 8 سالہ ابراہیم سپارہ پڑھنے کے لیے قاری محمد اصغر کے پاس گیا تھا، جہاں بچے پر مبینہ طور پر تشدد کیا گیا۔ واقعے کے بعد بچہ روتا ہوا اپنے گھر پہنچا۔والدین نے بچے کی حالت دیکھنے کے بعد اس کے جسم پر مبینہ تشدد کے نشانات پائے، جس پر بچے کے والد نے واقعے کی اطلاع نواب ٹاؤن پولیس کو دی اور قاری کے خلاف کارروائی کی درخواست کی۔پولیس نے والد کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے قاری محمد اصغر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور بچے اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات بھی لیے جا رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔