لاہور: نواب ٹاؤن کے علاقے میں جائیداد کے تنازع پر اپنی 80 سالہ والدہ کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے جائیداد کے تنازع پر اپنی والدہ سلمیٰ لطیف کو مبینہ طور پر قتل کیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے بزرگ خاتون کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن صدر عبداللہ عمران چیمہ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔انچارج انویسٹی گیشن تھانہ نواب ٹاؤن انسپکٹر محمد قاسم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے قتل کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران جائیداد کے تنازع پر اپنی والدہ کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا تاہم کارروائی کے دوران اسے گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔