لاہور: نواب ٹاؤن کے علاقے میں ندیم نامی شہری کی مبینہ خودکشی کا واقعہ پیش آیا ہے، تاہم پولیس نے واقعے کو حتمی طور پر خودکشی قرار نہیں دیا اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق ندیم نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو شہری کے سر پر گولی لگی ہوئی تھی اور خون بہہ رہا تھا۔پولیس کے مطابق متوفی ندیم رائیونڈ روڈ پر تنویر نامی شہری کے گھر بطور خانسامہ کام کرتا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیتے ہوئے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں۔حکام کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ بظاہر خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، تاہم اس بات کا تعین تحقیقات اور دستیاب شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا کہ ندیم نے واقعی خودکشی کی یا اسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل نوعیت واضح ہوسکے گی۔واقعے نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے کہ آیا یہ خودکشی تھی یا کسی اور نے ندیم کو نشانہ بنایا۔ پولیس نے اس حوالے سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے حقائق سامنے لانے کی کوشش شروع کردی ہے۔پولیس کے مطابق مزید شواہد اور تحقیقات کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔