لاہور: مدرسے میں دیر سے پہنچنے پر 12 سالہ طالبعلم پر تشدد، قاری گرفتار

لاہور: مدرسے میں دیر سے پہنچنے پر 12 سالہ طالبعلم پر تشدد، قاری گرفتار

لاہور میں مدرسے میں تاخیر سے پہنچنے پر قاری نے 12 سالہ طالبعلم کو مبینہ طور پر ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں بچے کے سر پر چوٹ آئی۔

 واقعے کے بعد شالیمار پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم قاری ظفر الحق کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق متاثرہ طالبعلم کی شناخت کامران کے نام سے ہوئی ہے، جو مدرسے میں تاخیر سے پہنچا تھا۔ اس بات پر مبینہ طور پر طیش میں آکر قاری ظفر الحق نے بچے کو ڈنڈوں سے مارا پیٹا، جس سے اس کے سر پر چوٹ آئی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر شالیمار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں قاری ظفر الحق کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔

واقعے کے بعد بچوں پر تشدد کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مدرسے یا کسی بھی تعلیمی ادارے میں بچوں کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے اپنے بیان میں کہا کہ بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون ہاتھ میں لینے اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔