مغلپورہ پولیس کی کارروائی، پتنگ فروش گرفتار، 450 تیار پتنگیں برآمد

مغلپورہ پولیس کی کارروائی، پتنگ فروش گرفتار، 450 تیار پتنگیں برآمد

لاہور: مغلپورہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پابندی کے باوجود پتنگیں فروخت کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق کارروائی گریفن گراؤنڈ کے قریب کی گئی، جہاں سے ملزم شہزاد کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 450 تیار پتنگیں برآمد ہوئیں، جن کی مالیت ہزاروں روپے بتائی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پتنگوں کو کاٹن کے ڈبوں میں چھپا کر فروخت کر رہا تھا تاکہ پولیس کی نظروں سے بچ سکے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم خود پتنگیں تیار کرنے کے بعد انہیں لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا۔پولیس نے برآمد ہونے والی پتنگیں قبضے میں لے کر ملزم شہزاد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق پتنگ بازی اور اس سے متعلقہ سامان کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔