ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر پتنگ فروش مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، گارڈن ٹاؤن پولیس نے پتنگوں کی سپلائی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے 200 سے زائد پتنگیں برآمد کرلیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان رضا اور بلال کو کینال روڈ اور مسلم ٹاؤن کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان آن لائن آرڈرز کے ذریعے مختلف مقامات پر پتنگیں سپلائی کرتے تھے جبکہ دیگر اضلاع سے پتنگیں لاکر لاہور کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے رہے ہیں۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔دوسری جانب بسنت 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں پتنگ اور ڈور سازوں کو مینوفیکچرنگ لائسنس کے اجرا کا تاحال انتظار ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے لائسنس جاری کرنے کا عمل تاخیر کا شکار ہے۔ذرائع کے مطابق اب تک 2500 سے زائد افراد مینوفیکچرنگ لائسنس کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کراچکے ہیں، تاہم 8 روز گزرنے کے باوجود ایک بھی لائسنس جاری نہیں کیا جاسکا۔