لاہور میں پتنگ فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، 250 پتنگیں برآمد، مبینہ فروش گرفتار

لاہور میں پتنگ فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، 250 پتنگیں برآمد، مبینہ فروش گرفتار

لاہور میں پتنگ بازی، پتنگ فروشی اور پتنگ سازی کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

 ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کی نگرانی میں گجر پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ پتنگ فروش کو گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے 250 پتنگیں برآمد ہوئی ہیں۔پولیس کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع ملنے پر کی گئی، جس کے نتیجے میں ملزم سجاول کو صادق ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے پتنگیں برآمد کرکے انہیں تحویل میں لے لیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم مبینہ طور پر پتنگیں تیار کرنے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں آن لائن ڈیلیوری کرتا تھا۔ حکام کے مطابق پتنگ فروشی اور اس سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔ تفتیش کے دوران پتنگوں کی تیاری، ترسیل اور فروخت سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کے مطابق پتنگ بازی، پتنگ فروشی اور پتنگ سازی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور خطرناک سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے قانون کے مطابق کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ پتنگ بازی سے متعلق خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ پتنگ بازی اور پتنگوں کی غیر قانونی خرید و فروخت سے گریز کریں اور ایسی سرگرمیوں کی اطلاع متعلقہ پولیس کو دیں۔