ایشیا کپ: پاک بھارت میچ سے پہلے پاکستان کی بھارت کو واضح ہدایت

ایشیا کپ: پاک بھارت میچ سے پہلے پاکستان کی بھارت کو واضح ہدایت

دبئی: ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل پاکستان نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ کرکٹ کے میدان کو سیاست کا اکھاڑہ نہ بنایا جائے اور میچ "اسپرٹ آف کرکٹ" کے تحت کھیلا جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور زور دیا کہ میچ کے آفیشلز کو پہلے ہی واضح ہدایات دی جائیں تاکہ کھیل کے دوران کسی قسم کی سیاسی حرکت نہ ہو۔ یہ خدشات ابتدائی مرحلے میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں بھارتی ٹیم کے رویے کے بعد پیدا ہوئے، جس میں ٹاس کے دوران بھارتی کپتان نے پاکستانی قائد سے مصافحہ نہیں کیا اور میچ کے اختتام پر بھی کھلاڑیوں نے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔

مزید برآں، بھارتی بلے باز سوریا کمار یادو نے میچ کے بعد سیاسی بیانات دیے اور میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے متنازع فیصلوں نے صورتحال کو کشیدہ کیا۔ پی سی بی نے آئی سی سی سے باضابطہ شکایت درج کرائی اور پائی کرافٹ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا، بصورت دیگر بائیکاٹ کی دھمکی دی۔ بعد ازاں ریفری کی معافی اور آئی سی سی کی انکوائری کے یقین دہانی کے بعد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔

ذرائع کے مطابق سپر فور کے لیے اب تک امپائرز اور ریفریز کی تقرری نہیں کی گئی، تاہم اینڈی پائی کرافٹ کے ساتھ رچی رچرڈسن کا نام زیرِ غور ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ میدان سے باہر کے معاملات سے دور رہیں اور اپنی توجہ صرف کھیل پر مرکوز رکھیں تاکہ بھارت کے خلاف جیت یقینی بنائی جا سکے۔