ایشیا کپ: پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی قیمتوں میں کمی، شائقین کی کم دلچسپی پر منتظمین پریشان

ایشیا کپ: پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی قیمتوں میں کمی، شائقین کی کم دلچسپی پر منتظمین پریشان

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں پاک بھارت ٹاکرا روایتی طور پر سب سے زیادہ توجہ کا مرکز سمجھا جاتا ہے، لیکن اس بار دبئی میں ہونے والے میچ کے لیے توقعات کے برعکس شائقین کی دلچسپی کم دکھائی دے رہی ہے۔

 منتظمین نے ٹکٹوں کی کم فروخت کے باعث قیمتوں میں نمایاں کمی کردی ہے۔ ابتدائی طور پر عام ٹکٹ کی قیمت 475 درہم مقرر کی گئی تھی، تاہم شائقین کو متوجہ کرنے کے لیے اسے کم کرکے 350 درہم کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ مسئلہ پریمیئم انکلوژرز میں درپیش ہے، جہاں میچ سے چند دن قبل بھی متعدد نشستیں خالی ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ میچ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ شائقین کے لیے یہ مقابلہ ہمیشہ سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، تاہم اس بار ٹکٹوں کی مہنگائی اور دیگر وجوہات کے باعث رجحان کم نظر آ رہا ہے۔

کرکٹ ریکارڈ کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 13 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے 10 بھارت اور صرف 3 پاکستان نے جیتے ہیں۔ بھارت نے ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں یو اے ای کے خلاف ریکارڈ ساز فتح حاصل کی تھی جبکہ پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز آج عمان کے خلاف کرے گی۔