عمران کا جیل ٹرائل عدالت منتقل کرنے کے خلاف درخواست پر وکلا سے آج دلائل طلب
ویڈیو لنک پیشی پر ایس او پیز جاری،عمران خان کا ایک بار پھر شامل تفتیش ہونے سے انکار
اسلام آباد ، راولپنڈی ( کوخصوصی رپورٹ )اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے خلاف 190 ملین پا ئونڈ کیس میں سزا معطلی کی اپیلیں تین ماہ بعد سماعت کے لئے مقرر کر دیں۔ عدالتی کاز لسٹ کے مطابق درخواستوں پر سماعت 25 ستمبر کو ہوگی جس کے لیے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویڑن بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔ ان درخواستوں پر آخری سماعت 26 جون کو ہوئی تھی۔سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمندکی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔گذشتہ روز کیس کی اڈیالہ جیل کی بجائے جوڈیشل کمپلیکس میں ہی سماعت ہوئی اور عدالت نے آئندہ سماعت22 ستمبر کیلئے مقرر کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے توشہ خانہ ٹو کیس میں دائر بریت کی درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے سے متعلق متفرق درخواستیں سماعت مقرر کر دیں۔جسٹس انعام امین منہاس متفرق درخواستوں پر آج دلائل سنیں گے ۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جیل میں بطور میاں بیوی(ازدواجی تعلقات) ملاقات کی درخواست دائرکردی گئی۔انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کے جیل ٹرائل کو عدالت میں منتقل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کے وکلا سے آج 19 ستمبر کو دلائل طلب کر لئے ہیں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی 4 رکنی لیگل ٹیم نے وزارت داخلہ پنجاب کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت میں درخواست دائر کردی۔عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی سے متعلق عدالت نے سخت ایس او پیز جاری کردیں۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق ویڈیو لنک کارروائی کی ریکارڈنگ صرف عدالت ہی کر سکے گی جب کہ کسی اور شخص کو اس کی اجازت نہیں ہوگی۔ عدالت کے اندر موبائل فون یا کسی بھی قسم کی ریکارڈنگ ڈیوائس لے جانا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا۔بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنہ کی درخواست کی انسداد دہشتگری عدالت میں سماعت جج امجد علی شاہ کے روبرو پراسیکوشن کی جانب سے جیل سپرنٹنڈنٹ کی میڈیکل سے متعلق رپورٹ پیش کر دی گئی۔رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا 21 ماہ کے دوران 31 مرتبہ طبی معائنہ ہوا۔وکلا بانی پی ٹی آئی نے میڈیکل پر بحث کے لئے عدالت سے مزید وقت مانگ لیا عدالت نے سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کر دی۔بانی پی ٹی آئی کی نومبر احتجاج کے سات مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت بھی 24 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔سوشل میڈیا اکا ئونٹس کی ہینڈلنگ کے حوالے سے تحقیقات کا معاملہ، بانی پی ٹی آئی نے شامل تفتیش ہونے سے انکار کر دیا۔این سی سی آئی اے کی ٹیم کی اڈیالہ جیل میں بانی سے تفتیش کے لئے آمد ہوئی۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے وکلا کی عدم موجودگی میں شامل تفتیش ہونے سے انکار کر دیا، تحقیقاتی ٹیم دو گھنٹے تک جیل میں موجود رہی۔