کیس بنایا ہے تو آئیں کھیلیں، بیرسٹر سلمان ،بالکل کھیلیں گے:جاوید اشرف
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفرازڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے 190ملین پا ئونڈز ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستوں میں نیب کے نئے تعینات ہونے والے سپیشل پراسیکیوٹر کی جانب سے تیاری کیلئے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔سماعت شروع ہونے پر وکلاء و رہنما ئوں کی کثیر تعداد روسٹرم پر آگئی جس پر چیف جسٹس نے بیرسٹر سلمان صفدر سے کہاکہ آپ اپنے بندوں کو کہیں پیچھے ہٹ جائیں،عدالت کا ایک ڈیکورم ہوتاہے اگر وہ نہیں ہوگا تو میں کیس آگے نہیں بڑھا ئوں گا، جس پر سلمان صفدر نے کہاکہ سیاسی کیسز میں ایسا ہوتاہے،ہم عدالت کے ڈیکورم کامکمل خیال رکھیں گے۔دوران سماعت نیب سپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستوں پر تیاری کیلئے وقت مانگ لیااور کہاکہ تیاری کیلئے وقت دیا جائے،طویل والیمز کا کیس ہے، تیاری کیلئے کم از کم چار ہفتے کا وقت دیا جائے،بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ آج کافی دنوں بعد کیس لگا ہے،پیر کو کیس رکھ لیں اور مجھے سن لیں،کیس بنا لیتے ہیں اپیل میں کیوں بھاگ جاتے ہیں،کیس بنایا ہے تو آئیں کھیلیں، سپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے کہاکہ بالکل کھیلیں گے۔وکلاء نے استدعا کی کہ آئندہ کی تاریخ دے دی جائے، اس پر قائم مقام چیف جسٹس سرفرازڈوگر نے کہاکہ تاریخ آرڈر میں کردیں گے۔ 26 نومبر احتجاج کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے بشریٰ بی بی کے خلاف تمام مقدمات کے چالان طلب کرلیے۔جج امجد علی شاہ کے روبرو بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر احتجاج کے 12 کیسز کی سماعت ہوئی، جس میں بشریٰ بی بی کی عدالتی روبکار سے حاضری لگائی گئی۔عدالت نے آئندہ تاریخ پر پولیس سے تمام مقدمات کے چالان طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی کردی۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے آزادی مارچ پر درج مقدمات کے جیل ٹرائل یا بانی پی ٹی آئی کی حاضری کیلئے دوبارہ خط لکھ دیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران سردار محمد مصروف خان، زاہد بشیر ڈارایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،بانی پی ٹی آئی کی حاضری یا جیل ٹرائل کیلئے لکھے گئے خط کا جواب تاحال نہ آسکا، جس پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی حاضری کیلئے دوبارہ خط لکھ دیا جبکہ عدالت پیش ہونے والے ملزمان کی حاضری کے بعد کیس کی مزید سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی۔