طبی ماہرین کی عارضی بھرتی کی تیاریاں

مستقل ملازمین کو ملنے والی مراعات عارضی بھرتی ہونے والوں کو فراہم نہیں کی جائیں گی :ایکٹ پنجاب اسمبلی میں پیش 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس حوالے سے پنجاب لوکم ہائیرنگ ایکٹ 2025 پنجاب اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں پیش کردیا گیا۔پنجاب لوکم ہائیرنگ ایکٹ 2025 متعلقہ کمیٹی کے حوالے، کمیٹی دو ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔بل کے تحت لوکم پالیسی کمیٹی بنائی جائے گی۔صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر چیئرپرسن، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر وائس چیئر پرسن، 3 فیلڈ کے ماہرین و ہیومن رسورس لوکم پالیسی کمیٹی کے ممبر ہونگے۔کمیٹی صحت کے شعبے میں عملے کی کمی کی نشاندہی کرے گی۔کمیٹی عارضی بھرتی کے ٹی او آرز بھی طے کرے گی۔ بل کے متن کے مطابق کمیٹی بھرتی کی مدت، تنخواہ اور دیگر مراعات سمیت بھرتی ہونے کے معاہدے کو خارج کرنے کی شقیں طے کرے گی۔بھرتی شفاف طریقہ سے کی جائے گی۔بھرتی سے قبل کم سے کم 2 اخبارات میں اشتہار لازم ہوگا۔اشتہارات میں بھرتی کا تمام تر طریقہ کار واضع کیا جائے گا۔عارضی بنیادوں پر بھرتی ہونے والے مستقل نوکری کی استدعا نہیں کر سکیں گے۔محکمہ صحت کے مستقل ملازمین کو ملنے والی مراعات عارضی بھرتی ہونے والوں کو فراہم نہیں کی جائیں گی۔عارضی بھرتیوں کی مدت بڑھانے یا ختم کرنے کا اختیار پالیسی کمیٹی کے پاس ہوگا۔